ایم ایم اے کی کامیابی نظام مصطفیﷺکا ذریعہ ہے،شمس الرحمن سواتی 

95

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی وجماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ پاکستان پرہمیشہ دوجماعتی نظام مسلط کرنے کی کوشش کی گئی جس سے خرابی پیداہوئی ،بھٹوایک پاپولرلیڈربن کرابھرے لیکن ان کے گرد بھی سرمایہ داراورجاگیردارآئے ،ان کیخلاف اینٹی بھٹوکے نعرے پر نوازشریف آئے لیکن انہوں نے بھی قوم کی توقعات کا خون کیا ،عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگایا لیکن ملک کوتباہی سے دوچار کرنے والے ان کے گرد جمع ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پی پی 20میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرامیرزون پی پی 20 محمدوقاص خان سمیت دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔ شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ سیکولرطبقہ نہیں چاہتا کہ پاکستانی سیاست میں شائستگی اوررواداری آئے اور نئی نسل اسلامی تعلیمات سے روشناس ہواسی لیے منبرومحراب کو دہشت گردی سے جوڑا گیا لیکن وقت نے ثابت کیا کہ دہشتگردی کے پیچھے امریکی وردی اور مودی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کی کامیابی اورملک کی خوشحالی لازم وملزوم ہیں عوام گھروں سے نکلیں اوردیانتدارقیادت کاانتخاب کریں کتاب ہدایت کوتھام لیں اورملک میں نظام مصطفی ﷺ کے قیام میں اپنا حصہ ڈالیں ۔