کراچی (رپورٹ: محمد انور) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کے نقائص انتخابات کا عمل شروع ہونے سے پہلے ہی دور کردیے ہیں۔ یہ بات ای سی پی کے معتبر ذرائع نے نمائندہ جسارت کو بتائی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے یہ فنی نقائص دور کیے جانے کے بعد اس بات کا شبہ بھی نہیں رہا کہ رزلٹس کی ترسیل میں مسائل پیدا ہونگے۔ کمیشن نے پریزائڈنگ افسران کو موبائل کی فراہمی یقینی بنادی ہے جو انتخابات کے بعد واپس لے لیے جائیں گے جبکہ جن پی او کو موبائل سیٹ نہیں دیے
جاسکے ان کے اپنے ذاتی سیٹ منگوا کر ان کے نمبر حاصل کرلیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی اوز کے پاس موجود موبائل سیٹ میں الیکشن کمیشن کی مخصوص ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد تمام پی اوز کو اس کے استعمال کا طریقہ کار بھی بتادیا گیا ہے۔ یہ سیٹ فی الحال بند کرادیے گئے جو 25 جولائی کی شام 5 بجے کھول کردیے جائیں گے۔ نتائج کی ترسیل کے اس جدید نظام کے تحت ہر پریزائڈنگ افسر رزلٹ تیار کرکے اس کا اسکرین شاٹ لیکر رزلٹ ترسیل کردے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کراچی کے ضلع غربی، وسطی اور کورنگی کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر بجلی پانی اور ضروری فرنیچر کی عدم موجودگی کا نوٹس لے کر ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔ تمام متعلقہ اسسٹنٹ الیکشن کمشنرز کو اس ضمن میں ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ 25 جولائی کی صبح 6 بجے تک تمام پولنگ اسٹیشنز پر ضروری سامان و فرنیچر یقینی طور پر پہنچا دیا جائے جبکہ سیکورٹی کے حوالے سے بھی سخت انتظامات یقینی بنانے کے لیے متعلقہ سیکورٹی اداروں سے رابطے میں رہا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہر پولنگ اسٹیشن پر مقررہ وقت صبح 8 بجے پولنگ شروع کرنے کو یقینی بنانے کے لیے بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔