جہانگیر ترین کے فون کے بعد ایم کیوایم کا اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

451

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بلائی جانے والی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کا فیصلہ تبدیل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم نے آخری لمحات میں اپنا فیصلہ تبدیل کرلیا ہے فاروق ستار اور کنور نوید اے پی سی میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ چکے تھے تاہم عین موقع پر تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا اور اس رابطے کے بعد ہی ایم کیو ایم نے اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے وفاق میں حکومت سازی کے لیے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے ٹیلی فون پر ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا اور انہیں حکومت سازی کے لیے ساتھ چلنے کی دعوت دی۔

دونوں جماعتوں میں ٹیلیفونک رابطے کے بعد ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے رہنمائوں کی ملاقات جلد متوقع ہے۔اس حوالے سے ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے فون کرکے ملاقات کی دعوت دی ہے لیکن تحریک انصاف سے ملاقات کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کرے گی۔

جہانگیر ترین نے خالد مقبول صدیقی سے کہا کہ کراچی میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کی نمائندگی ہے لہٰذا دونوں جماعتیں مل بیٹھ کر بات کرسکتی ہیں۔

خالد مقبول کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین سے کہا ہے کہ بات چیت کے لیے ہمارے دروازےکھلے ہیں اور آپ کو مینڈیٹ ملا ہے تو کراچی کے لیے کام کریں۔