بھارت نے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلیے کبھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا

113

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرراناعدنان خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے انتخابات میں کامیابی کے بعد قوم سے اپنے خطاب میں بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے مذاکرات کی دعوت دی ہے،بھارت کے ساتھ مذاکرات کی ایک طویل تاریخ ہے بھارت نے کبھی بھی سنجیدگی،نیک نیتی اور اخلاص کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ مذاکرات کی آڑ میں وقت گزاری اور مسئلے کو التو میں رکھنے کا روّیہ اختیار کرتارہا ہے۔ جامع مذاکرات کی آڑ میں مسئلہ کشمیر پر بامقصد مذاکرات سے فرار کی راہ اختیار کرتا رہا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ بھارت پر عالمی سفارتی دباؤ میں اضافہ کیا جائے اور اسے مجبور کیا جائے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسلمہ حق خودارادیت کا وعدہ پورا کرنے کیلیے اپنی ذمے داری ادا کرے۔کشمیر کو متنازع تسلیم کرے اور اٹوٹ آنگ کی رٹ ترک کرے۔ نئی بننے والی حکومت کشمیریوں کی مشاورت کے ساتھ مسئلہ کشمیرپر ایک جامع پالیسی اور حکمت عملی تشکیل دیں اور بھارت کے ساتھ دوستی اور تجارت کو مسئلہ کشمیر سے مشروط کیا جائے۔