چیف جسٹس کا کرپشن پر معافی نہ دینے کا اعلان قابل تحسین ہے، میاں مقصود

91

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کی جانب سے کرپشن پر معافی نہ دینے اور غریب عوام کے ٹیکس کا پیسہ برباد کرنے والوں کیخلاف سخت اقدام کا عندیہ قابل تحسین ہے۔ اداروں میں کرپشن کے بڑے بڑے اسکینڈلز آئے روز سامنے آرہے ہیں۔ اسپتالوں میں بھی طبی آلات کی خریدو فر وخت، ادویات کی مد میں کمیشن مافیا کا کھلا کردار، واپڈا، پی آئی اے، ریلوے، اسٹیل مل، ایف بی آر اور پولیس جیسے اداروں کوکرپٹ افراد کے رحم وکرم پرچھوڑ دیا گیا ہے۔ جب تک کرپٹ افراد کاقلع قمع نہیں کردیا جاتا ملکی معیشت کو سنبھالنا ممکن نہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں نے ایک سال میں 2.32 ارب ڈالر منافع کی مد میں اپنے ممالک کومنتقل کیا ہے۔ منافع منتقل کرنے کی شرح 2016-17ء کے مقابلے میں 10 فیصد تک رہی ہے۔ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت ملکی وسائل سے غیر ملکی کمپنیاں فائدہ اٹھارہی ہیں۔ ہمیں ایسی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملکی وسائل سے ملکی کمپنیاں بھی بھر پور انداز میں فائدہ اٹھاسکیں۔ عوام کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی توقعات بہت زیادہ ہیں۔ اگر تحریک انصاف کی بننے والی حکومت نے بھی سابق حکمرانوں کی طرح بیڈ گورننس کی تو اس کا حشر بھی اگلے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) جیسا ہوگا۔ سابقہ حکمران پارٹیوں نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ محض چہروں کے بدلنے کو مثبت تبدیلی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ ملک میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے۔ نااہل افراد قومی خزانے پر بھاری بوجھ ہیں ان سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔