مویشی منڈی میں اونٹوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے،

536

کراچی(منیر عقیل انصاری) سپرہائی وے، سہراب گوٹھ پر لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں جانوروں کی فروخت میں تیزی آگئی ہے اور عوام کی بڑی تعدادنے ہفتہ اور اتوار کو منڈی کا رخ کیاتھا ۔

منڈی میں قربانی کے لیے لائے گئے مویشیوں کی تعداد60ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ گائے، بیل اور بکروں کے علاوہ اونٹ بھی مویشی منڈی آنا شروع ہو گئے ہیں۔وی آئی پی ٹینٹوں میں بھی جانور وں کی آمد شروع ہو چکی ہے۔ جس سے منڈی کی رونق مزید بڑھ گئی ہے۔ 

منڈی کے منتظم طاہر میمن نے کہا کہ رواں ہفتہ مزید جانور مویشی منڈی پہنچنے کے بعد ان کی خرید و فروخت بڑھ جائے گی۔ منڈی کے تیزی کے دن شروع ہوگئے ہیں اس لیے منڈی میں بڑی تعداد میں خریداروں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اب خرید و فروخت میں روز بروز اضافہ ہوتا جائے گا اور عوام کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ وہ کسی دشواری کے بغیر آسانی سے خریداری کرسکیں۔ ان سہولتوں میں کھانے پینے کے اسٹال، مفت پارکنگ اور دیگر سہولتیں شامل ہیں۔