شہربھر میں کیمیکل ملا دودھ فروخت کیا جارہا ہے ،رانا عدنان خان

136

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرراناعدنان خاں،جنرل سیکرٹری چودھری عمرفاروق گجر،نائب صدرملک اسامہ نذیر، محمد آصف عطا تھیم ،محمدسلیم انصاری، چودھری فاروق باجوہ اور میاں خالدحسین ودیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہر و گردونواح میں ملاوٹ شدہ مضر صحت دودھ کی شکل میں زہر تقسیم کیاجارہاہے،بھینس کے دودھ میں گائے کا دودھ اور پانی ملا کر بڑی دیدہ دلیری سے فروخت کیا جا رہا ہے،جبکہ انتظامیہ لمبی تان کر سوئی ہوئی ہے۔ رانا عدنان خان نے کہاکہ شہر اور گردو نواح میں جیسے جیسے دودھ کی مانگ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے دکانداروں نے عوام کی جانوں سے کھیلنا شروع کر دیا ہے ، دودھ کی کمی کوپورا کرنے کیلیے دیہات اورگردونواح کے شہروں سے دودھ کیمیکل کے ڈرموں میں منگوایا جاتا ہے جوکہ انسانی صحت کیلیے سخت خطرناک ہے،اسی طرح بھینس کے دودھ میں گائے کا دودھ اور پانی کی ملاوٹ بھی عام ہے اس کے علاوہ دودھ کو گاڑھا بنانے کیلیے بھی مختلف قسم کے کیمیکلز کا استعمال کیا جاتا ہے جو انسانی صحت کیلیے نقصان دہ ہے اس وقت دودھ فروش انسانی جانوں سے کھیل کر پیسہ بنانے میں مصروف ہیں کیمیکل ملا دودھ پی کر لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔محکمہ فوڈاتھارٹی اس بارے میں کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی۔ جماعت اسلامی یوتھ کے رہنماؤں نے شدیدحتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرفیصل آباد اور دیگر اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ میں ملاوٹ کرکے انساسی جانوں سے کھیلنے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔