سول اسپتال نوابشاہ میں ایم آر آئی مشین کی سہولت فراہم کی جائے

59

نوابشاہ (وقائع نگارخصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ نجف رضا نے کہا ہے کہ سول اسپتال میں ایم آر آئی مشین کی خرابی کے باعث ہزاروں مریضوں کو طبی سہولیات سے محروم کر کے ان کی جیب پر دوہرا عذاب مسلط کردیا گیا ہے، غریب مریض نجی لیبارٹریز سے مہنگے داموں ایم آر آئی کروانے پر مجبور ہیں۔ سول اسپتال کی انتظامیہ کی توجہ اس جانب متعدد بار مبذول کرانے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ دور دراز سے آنے والے عوام بھاری بھر کم اخراجات برداشت کر کے سول اسپتال نوابشاہ آتے ہیں، دوسری جانب ان کو علاج معالجے کی سہولیات میسر نہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور سیکرٹری صحت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سول اسپتال انتظامیہ کے رویے کا نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کو فی الفور حل کرے۔