صنعتی پہیے کو چلانے کیلیے محنت کشوں کا خیال رکھاجائے،میاں اعجاز حسین

100

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)پاورلومزورکرزکی اجرتوں اوردیگرمسائل کے حوالے سے پاسبان پاورلوم ورکرزیونین پنجاب کے مرکزی صدر میاں اعجازحسین ، مرکزی سیکرٹری جنرل میاں ندیم باوا،ضلعی جنرل سیکرٹری شیخ فہیم الدین ،صدر غلام محمدآباد الطاف حسین ، ذوالفقارعلی بھٹوسمیت دیگرلیبرتنظیموں کے قائدین کا ڈی سی سید احمد فواد،اے سی سٹی،لیبرڈائریکٹراوردیگرسے ڈی سی آفس میں اجلاس۔اجلاس میں ڈی سی سیدفواداحمد نے لیبرنمائندوں کوان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ہم انصاف کے تقاضوں کو پوراکریں گے،بعدازاں پاسبان پاورلوم ورکرزیونین پنجاب کے مرکزی صدر میاں اعجازحسین ،میاں ندیم باوا اورشیخ فہیم الدین نے کارکنان سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ حکومت ہرسال محنت کشوں کی اجرتوں میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کرتی ہے ،نوٹیفکیشن جاری نہ کرکے حکمرانوں نے غریب دشمنی کاثبوت دیا۔افسوس کہ مالکان کوبھی محنت کشوں کاحق دینے کا خیال نہ آیا،صنعت کے پہیہ کو چلانے کیلیے ضروری ہے کہ محنت کشوں کا خیال رکھاجائے،فیکٹریوں کی حالت زارپرتوجہ دینے کی ضرورت ہے خستہ حال فیکٹریوں کی وجہ سے محنت کشوں کی جان محفوظ نہیں، بڑے حادثے کے بعد انکوائری کے لیے کمیٹیاں بنادی جاتی ہیں مگرافسران کام کرنے کے بجائے اے اسی دفاترمیں انجوائے کرتے ہوئے نظرآتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ غیرقانونی ٹھیکیداری نظام ،ویلفیئربورڈکی نااہلی اورکرپشن وہ بڑے مسائل ہیں جن کی وجہ سے محنت کش اذیت میں مبتلا ہیں خودساختہ یونین لیڈرمزدوروں کے حقوق میں بڑی رکاوٹ ہیں،پاسبان پاورلوم ورکرزیونین پنجاب ورکروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہیں تنہانہیں چھوڑیں گے۔ رہنماؤں نے کہاکہ ویلفیئربورڈمیں جہیز فنڈ، مزدروں کے بچوں کی سکالرشپ اوروظائف کیلیے وفاقی حکومت کی جانب سے روکے ہوئے فنڈز ریلیز کیے جائیں۔فیکٹریوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے ، ای او بی آئی میں محنت کشوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے ۔ ریٹائرڈملازمین کو پنشن کے حصول میں درپیش دشواریوں کو دورکرناحکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے ۔ حکومت اپنے فرائض کی انجام دہی پرتوجہ دے اسی میں حکمران طبقہ کی بہتری ہے۔