پارلیمنٹ میں رہ کر بھر پور اپوزیشن کرینگے، میاں مقصود

70

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیے۔ الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت دونوں اپنی ذمے داری ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں رہ کر بھرپور اپوزیشن کریں گے۔ ملک میں جمہوری عمل کا تسلسل ناگزیر ہے۔ سازشوں کا سلسلہ ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے۔ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کو جتوانے کے لیے ایم ایم اے کا مینڈیٹ چرایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن با اختیار ہونے کے باوجود اپنی غیر جانبداری ثابت نہیں کرسکا۔ انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے کے لیے جس انداز میں دھاندلی کی گئی انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں، معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، لاقانونیت اور دہشت گردی جیسے مسائل جوں کے توں ہیں، نئی بننے والی حکومت پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ کی سیاست عروج پر ہے۔ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے۔ ہارس ٹریڈنگ گندا کھیل ہے جس میں مفاد پرستوں کی بولیاں لگائی جاتی ہیں۔ یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ المیہ یہ ہے کہ کچرے کے ڈھیروں سے بیلٹ پیپرز مل رہے ہیں۔ محب وطن قیادت کا فقدان ملک وقوم کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ماضی کے حکمرانوں نے لوٹ مار اور کمیشن کھانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ کرپٹ افراد خواہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں اور کسی بھی لیول پر ہوں ان کیخلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔ چہروں کے بدلنے سے ملک میں تبدیلی نہیں آئے گی۔ جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں سے نجات حاصل کیے بغیر ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی۔