انتخابی عمل پر شدید تحفظات کے باوجود تحریک انصاف کو مبارکباد دیتے ہیں

84

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ و امیر ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ انتخابی عمل پرشدیدتحفظات کے باوجود نومنتخب ممبران قومی وصوبائی اسمبلی اورحکومتی جماعت کومبارکباد پیش کرتے ہیں تحریک انصاف کواپنے منشورپرعمل کرتے ہوئے پاکستان کومدینہ جیسی اسلامی وفلاحی ریاست بنانے ،بیرونی مداخلت سے نکالنے اورعوام کومسائل سے نجات دلانے کیلیے عملی اقدامات کرناہوں گے۔تعلیم ،صحت ،روزگار،انصاف، صاف پانی اورمہنگائی کا خاتمہ عوام کی فوری ضروریات ہیں اس کیلیے جامع پلاننگ کی ضرورت ہے ہم اسلام کے فروغ اورپاکستانی عوام کوریلیف دینے کے ہر حکومتی اقدام کی مکمل حمایت اورتعاون کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پکنک پوائنٹ پرجماعت اسلامی حلقہ پی پی 12,13کے فیملی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیرزون امتیازعلی اسلم سمیت دیگرذمے داران ،خواتین اوربچے بھی شریک تھے۔شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ ہماری تمام ترجدوجہد کا مقصد اللہ کی رضا اورمخلوق خداکی خدمت ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں تبدیلی اورانقلاب کا واحدذریعہ بیلٹ کی قوت ہے ذمے داران اورکارکنان کواپنی کمزوریوں اورکوتاہیوں کودورکرکے جدوجہد کوتیزکرنے کے علاوہ خودکوعوامی مسائل کے حل کیلیے وقف کرنا ہوگا۔