جہازوں میں آزاد امیدوار بھر بھر کر لائے جارہے ہیں،سردارظفر حسین

75

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ میرٹ اور انصاف کے نام پر الیکشن جیتنے والوں نے چھانگا مانگا کی شرم ناک تاریخ دہرانا شروع کر دی ہے،جہازوں میں آزاد امیدوار بھر بھر کر لائے جارہے ہیں ،حکومت سازی کے نام پر آزاد ارکان اسمبلی کی بولیاں لگائی جارہی ہیں، بے پناہ وسائل کا استعمال کرکے من پسند نتائج حاصل کرنے کے لیے وفاداریاں تبدیل کروائی جارہی ہیں جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، چیف جسٹس آف پاکستان نوٹس لیں کہ عدالت عظمیٰ سے نااہل ایک شخص کس کے اشارے پر نوٹوں کی بوریاں لٹا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کامحاسبہ ہونا چاہیے۔الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت دونوں اپنی ذمے داری اداکرنے میں ناکام رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن بااختیار ہونے کے باوجود اپنی غیر جانبداری ثابت نہیں کرسکا۔انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے کے لیے جس انداز میں دھاندلی کی گئی انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا داروں کی غیر قانونی مداخلت نے رائے عامہ کو متاثر کیاجس نے جیتنے والوں کو بھی شرمسار کردیاہے اور الیکشن کمیشن اور ریاستی ادارے خود بھی کٹہرے میں کھڑے ہیں ۔ ملک میں جمہوری عمل کا تسلسل ناگزیر ہے۔ سازشوں کا سلسلہ ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے۔ محب وطن قیادت کافقدان ملک وقوم کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ماضی کے حکمرانوں نے لوٹ مار اور کمیشن کھانے کے سواکچھ نہیں کیا۔کرپٹ افراد خواہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں اور کسی بھی لیول پر ہوں ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں رہ کر بھرپور اپوزیشن کاکرداراداکریں گے۔ حکومت کی ہر اچھے کام پر تعریف اور غلط کام کی گرفت کریں گے۔