انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کامحاسبہ ہونا چاہیے

54

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرچودھری سلیم گجر،جنرل سیکرٹری محمدبلال انور،میاں افتخارعلی، ڈاکٹرمحمد صدیق اورمیاں منظورالٰہی ودیگرنے کہا ہے کہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کامحاسبہ ہونا چاہیے۔ الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت دونوں اپنی ذمے داری اداکرنے میں ناکام رہے ہیں۔ملک میں جمہوری عمل کا تسلسل ناگزیر ہے۔سازشوں کا سلسلہ ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن بااختیار ہونے کے باوجود اپنی غیر جانبداری ثابت نہیں کرسکا ۔انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے کے لیے جس انداز میں دھاندلی کی گئی انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مسائل کے انبارلگے ہیں۔عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں،معیشت زبوں حالی کا شکار ہے،لاقانونیت اور دہشت گردی جیسے مسائل جوں کے توں ہیں، نئی بننے والی حکومت پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے جوڑتوڑ کی سیاست عروج پر ہے۔ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے۔ہارس ٹریڈنگ گنداکھیل ہے جس میں مفاد پرستوں کی بولیاں لگائی جاتی ہیں،یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔المیہ یہ ہے کہ کچرے کے ڈھیروں سے بیلٹ پیپرز مل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ محب وطن قیادت کا فقدان ملک وقوم کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ماضی کے حکمرانوں نے لوٹ مار اور کمیشن کھانے کے سواکچھ نہیں کیا۔کرپٹ افراد خواہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں اور کسی بھی لیول پر ہوں ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔سلیم گجر نے مزیدکہاکہ چہروں کے بدلنے سے ملک میں تبدیلی نہیں آئے گی بلکہ اس کے لیے کارکردگی دکھانی ہوگی۔جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں سے نجات حاصل کیے بغیر ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی۔