افغان شہری کا رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہونے کا انکشاف

156

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان اسمبلی کا نومنتخب رکن اسمبلی احمد علی کوہزاد افغان باشندہ نکلا، سرکاری رپورٹ میں بھی غیر ملکی قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ میں احمد علی کوہزاد کی پاکستانی شہریت سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عبداللہ بلوچ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی کے شناختی کارڈ کی تصدیق سے متعلق رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ احمد علی کوہزاد کی دستاویزات اور ب فارم تصدیق کے لیے نادرا کے ریجنل ہیڈ آفس کو بھجوائے گئے، دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد نادرا نے اپنی رپورٹ میں قرار دیا ہے کہ احمد علی کوہزاد غیر ملکی ہے۔ اس موقع پر نادرا کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی گئی۔ نادرا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ احمد علی کوہزاد کے پاس 1997ء سے قبل کا پاکستانی شہریت سے متعلق کوئی ریکارڈموجود نہیں۔ انہوں نے جعل سازی کے ذریعے عبدالحمید ولد حیدر علی نامی شخص کے ب فارم میں اپنا اندراج بطور چھوٹا بھائی کرایا ہے۔ احمد علی کوہزاد کمیٹی یا عدالت کے سامنے اب تک اپنی پاکستانی شہریت سے متعلق کوئی تصدیق شدہ دستاویز پیش نہیں کرسکے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کردی ہے۔احمد علی کوہزاد ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر 25 جولائی 2018ء کے انتخابات میں کوئٹہ سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 سے کامیاب ہوئے تھے اس سے قبل وہ پرویز مشرف دور میں یونین کونسل ہزارہ ٹاؤن کے ناظم بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی اہلیہ کا شناختی کارڈ بھی مشکوک ہونے کی بناء پر بلاک کیا گیا ہے۔