نومنتخب حکومت قرضوں کا طوق گلے سے اتار پھینکے، سردار ظفر خان

92

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کرپٹ ٹولہ اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے لیکن پاناما کے 434 چوروں کا حساب ابھی باقی ہے جو نئی بننے والی حکومت کے لیے سب سے بڑا امتحان ہوگا، نومنتخب حکومت کا فرض ہوگا کہ وہ عوام کی امنگوں پر پورا اترنے کے لیے قرضوں کا طوق گلے سے اتار پھینکے، عمران خان کو لوٹی ہوئی دولت کی واپسی، پاکستا ن کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے، سود کے خاتمے، اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلوں پر عملدر آمد، مہنگائی کے خاتمے ، ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے ،معیشت کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے چنگل سے آزاد کرانے اور پچاس لاکھ بے گھروں کو چھت مہیا کرنے کے وعدوں سے منحرف نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شدید تحفظات کے باوجود چاہتے ہیں کہ نئی حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔ جماعت اسلامی بھر پور اور مثبت انداز کے ساتھ اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، حکومت کی ہر اچھے کام پر تعریف اور غلط کام کی گرفت کریں گے۔ قوم کو امانت اور دیانتدار قیادت کی طرف ہی لوٹنا ہو گا کیونکہ ملک و قوم کے مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کے قیام میں ہے۔