پنجاب فوڈ اتھارٹی کی راولپنڈی ڈویژن میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیاں

169

راولپنڈی(آئی این پی )پنجاب فوڈاتھارٹی کی میٹ سیفٹی ٹیمزنے راولپنڈی ڈویژن میں غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کرنے اور ناقص انتظامات پر سلانٹرنگ ہاؤس اور چکن شاپ کو سربمہر کر دیا۔جبکہ زائدالمعیاد خوراک مہیا کرنے پر7فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد کیے۔ نیز ناقص غذاتلف کرتے ہوئے متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کیے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کی میٹ سیفٹی ٹیموں نے راولپنڈی اور اس کے گردونواح میں کارروائیاں کرتے ہوئے اٹک میں واقع ندیم سلاٹر نگ ہاؤس کو لاغر،بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے ، سلاٹرنگ ایریا میں واش روم کی موجودگی ، صفائی کے ناقص انتظامات،ریکارڈ کی عدم دستیابی، فریزر کی بدترین اسٹوریج، فضلہ اور خون کی نکاسی کے غیر معیاری انتظامات ، گوشت پر اسٹمپ (Stamp)کی عدم موجودگی اور ملازمین کے میڈکلز کی عدم موجودگی کی بنا پر سیل کر دیا۔جبکہ اٹک کی تحصیل حضرو میں واقع فیئر پرائس چکن شاپ کو صفائی کے ناقص انتظامات، کون کا استعمال نہ کرنے، بیمار اورلاغر مرغیوں کی موجودگی،چکنے، گندے ، بدبودار فرش اور زنگ زدہ فریزر کی موجودگی ، حشرات کی بہتات،کیمیکل ڈرمز کا استعمال کرنے، گوشت کی غیر محفوظ اسٹوریج کی بنا پر سیل کر دیا۔اس کے علاوہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈویژن بھر میں متعدد فوڈ پوائنٹس کامعائنہ کیا اور صفائی کے ناقص انتظامات، زائدالمعیاد اشیا فروخت کرنے ،حشرات کی بھر مار،کاسمیٹک کلر استعمال کرنے ،میڈیکل سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی، کیمیکل ڈرمز کے استعمال پر 7 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 52,000کے جرمانے عائد کیے۔مزید کارروائیوں کے دوران مختلف فود پوائنٹس،چکن سیل سینٹرز،پروڈکشن یونٹس،سوئٹس،بیکرز اور کریانہ اسٹورز سے برآمد شدہ زائدالمیعاد بوتلیں،مصالحہ جات،رنگ کاٹ، مضرِ صحت مٹھائی اوربھاری مقدار میں مضر صحت خوراک کو تلف کر دیاگیا ۔متعدد فوڈ پوائنٹس کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔