مضبوط اپوزیشن جمہوریت کے لیے نیک شگون ہے، سردار ظفر خان

129

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے مشترکہ جدوجہد کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط اپوزیشن جمہوریت کے لیے نیک شگون ہے، کرپشن کیخلاف جماعت اسلامی کی تحریک جاری رہے گی، ہم ملک سے نظریاتی، اخلاقی اور معاشی کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ہمارا احتساب کے اداروں سے پہلے بھی مطالبہ رہا ہے اور اب بھی مطالبہ ہے کہ لٹیروں کا بے لاگ احتساب کیا جائے۔ لوٹی گئی قومی دولت کے بیرونی بینکوں میں پڑے پانچ سو ارب ڈالر واپس لائے جائیں اور ملک پر موجود 83 ارب ڈالر کا قرضہ ادا کرنے کے بعد باقی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے اور اس سے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ لوٹی گئی رقم کی واپسی اصل کام ہے جس کی طرف آنے والی حکومت کو توجہ دینا ہوگی، ستر سالہ ملکی تاریخ میں حکومتوں نے وقت گزاری کی ہے۔ عوام بری طرح مایوسی کا شکار ہیں۔ کسی طرف سے امید کی کوئی کرن نظر نہیں آتی۔ غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ ملکی مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ اسلامی نظام ہی پاکستان کا نظریہ ہے۔ نفاذ اسلام آئین پاکستان کا بھی تقاضا ہے لیکن کبھی بھی آئین پر عملدر آمد نہیں کیا گیا۔