غیر ملکی قرضوں سے قوم کی جان چھڑاناہوگی، رانا طہٰ خاں

120

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، نائب امیر ڈاکٹر محمد انور اور دیگر نے کہا ہے کہ نئی بننے والی حکومت آئی ایم ایف اورورلڈ بنک سے نجات حاصل کرنے کے لیے ملکی وسائل پر انحصار کرے۔ماضی کے حکمرانوں نے غیر ملکی قرضوں کے پہاڑکھڑے کردیے ہیں۔ اس وقت ہر پاکستانی ایک لاکھ چوبیس ہزار روپے کا مقروض ہے۔ دنیا میں باعزت مقام حاصل کرنا ہے تو ہمیں کشکول توڑنا ہوگا۔ رہنماؤں نے کہا کہ امریکا کی طرف سے آئی ایم ایف کو ہدایت کہ پاکستان کو بیل آؤٹ پیکیج نہ دیاجائے تشویش ناک امر ہے۔ ثابت ہوگیا کہ عالمی ادارہ امریکی ڈکٹیشن پر کام کرتا ہے۔ دنیا میں غربت کا خاتمہ اور انسانی معیار زندگی کو بلند کرنا اس کامطمع نظر نہیں۔ ہمیں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے چنگل سے نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ایسے باصلاحیت اور باکردار محب وطن افراد کو آگے لانے کی ضرورت ہے جو عوام کے دکھ درد کو سمجھتے ہوں اور حقیقی معنوں میں ملک وقوم کی فلاح وبہبود کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کوبروئے کارلائیں۔عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا رکھا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ ہم معاشی خود انحصاری کی راہ اختیار کریں۔تحریک انصاف نے تبدیلی کانعرہ لگایاتھا،اب اس کو غیر ملکی قرضوں سے قوم کی جان چھڑاناہوگی۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اس وقت ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ماضی میں ریلیف کے نام پر عوام کو محض دھوکا دیا جاتا رہا ہے۔