دھاندلی کا ذمے دار الیکشن کمیشن  ہے ‘پشتونخواملی عوامی پارٹی

76

کو ئٹہ( نمائندہ جسارت)انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے مظاہرین نے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہو ئے دھاندلی کا ذمے دار الیکشن کمیشن کو قرار دیا۔کوئٹہ میں پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی
مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے پشتونخوامیپ کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیر ے اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی الیکشن کمیشن صاف اور شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا تحریک انصاف کے سوا تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابات کو مسترد کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ انتخابات میں مقابلہ جمہوری قوتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان تھا ہم انتخابات میں غیر جمہوری قوتوں کی مداخلت قبول نہیں کریں گے۔ پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام پشین،چمن،ژوب ،قلعہ سیف اللہ،لورالائی، ہرنائی ،زیارت اور دکی میں بھی انتخابی دھاندلیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔