زرعی قرضہ جات کے نام پر چھوٹے کسانوں کو دھوکا دیا گیا، علی احمد

79

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) کسان بورڈکے ڈویژنل صدر علی احمد گورایہ نے کہا ہے کہ چاول کی برآمدات میں اضافے کے باعث مالی سال 2017-18ء میں 40 لاکھ 23 ہزار ٹن چاول برآمد کیا گیا جس کی مالیت تقریباً 2 ارب 5 لاکھ ڈالر ہے۔ انہوں نے اس نمایاں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت دھان کی امدادی قیمت 2500 روپے فی من مقرر کرے تاکہ کاشتکار کو بھی اس کی محنت کا صلہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل، کھاد اور دیگر زرعی مداخل میں اس سال 40 فیصد اضافے نے کسانوں کو معاشی طور پر تباہ وبرباد کردیا ہے اور وہ 2 وقت کی روٹی کے نوالے کو بھی ترس رہے ہیں۔ سابق صوبائی حکومت نے اپنے دس سالہ دور اقتدار میں کاشتکاروں کو لولی پاپ دینے کے سوا کوئی سہولت نہیں دی۔ زرعی قرضہ جات کے نام پر چھوٹے کسانوں کو دھوکا دیا گیا، محض چند کسانوں کو قرضہ دینے کے فوٹو سیشن کروانے کے بعد اس کو بند کردیا گیا۔