عوامی مینڈیٹ کا احترام اور جمہوری سسٹم کی مضبوطی چاہتے ہیں

82

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ و امیر ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات پر تمام ترتحفظات کے باوجود عوامی مینڈیٹ کا احترام اور جمہوری سسٹم کی مضبوطی چاہتے ہیں، ہمارا گلہ جیتنے والے امیدواروں سے نہیں بلکہ الیکشن کمیشن سے ہے، جو پرامن اور ماضی کے مقابلے میں بہتر انتظامات کرنے کے باوجود عوامی مینڈیٹ کی حفاظت کرنے میں ناکام ثابت ہوا، ہم نئی حکومت کی مخالفت برائے مخالفت نہیں بلکہ اچھے کاموں کی بھرپور حمایت اور جہاں بھی اسلام، نظریہ پاکستان اور جمہوری اقدار کے برعکس کوئی اقدام ہوا تو احتساب اور اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الاکرام بلڈنگ میں ضلع بھر کے انتخابی امیدواران کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امرا راجا محمد جواد، محمد وقاص خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام مجتبیٰ عباسی، ضلعی سیکرٹری اطلاعات انعا م الحق اعوان، محمد تاج عباسی، چودھری عابد محمود، خالد مرزا سمیت دیگر ذمے داران بھی شریک تھے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ نظریاتی کارکن کبھی بھی حالات سے مایوس نہیں ہوتے بلکہ اگلے مرحلے کے لیے مزید نئے عزم وحوصلے کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔ انتخابات میں فتح وشکست جماعت اسلامی کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ کارکنان نے جذبہ وہمت سے دن رات مہم چلائی اور قوم کے سامنے دیندار و دیانتدار قیادت بھی پیش کی، جمہوری سسٹم میں ملک میں تبدیلی کا واحد ذریعہ انتخابات ہی ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں اصلاح معاشرہ، شریعت کے نفاذ اور ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔