نیب کا بدعنوان افراد کیخلاف تحقیقات کا آغاز خوش آئند ہے، میاں مقصود

79

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ گلگت بلتستان میں اسکولوں کوجلانے کا عمل تشویش ناک اور قابل مذمت ہے۔ایک سازش کے تحت درس گاہوں کونشانہ بنایا گیا ہے تاکہ عالمی دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہوسکے۔اسکولوں کو جلانے کے واقعات کی تحقیقات کی جائیں اور اس میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی دفتر منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت نے ملک وقوم کو شدید متاثر کیا ہے۔ نئی آنے والی حکومت کو اپنی خارجہ پالیسی کا از سرنو جائزہ لینا ہوگا اور جن پالیسیوں کا تسلسل جنرل (ر) پرویز مشرف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے جاری رکھا، ان کو بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی بزدلانہ پالیسیو ں کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ نام نہاد امریکی جنگ میں پاکستان کے 70 ہزار افراد شہید اور سوا سو ارب ڈالر کا معاشی دھچکا برداشت کرنا پڑا ہے۔ ہم سب کو مل کر دنیا میں پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی کے حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی بدولت مسائلستان بن گیا ہے۔ ملک میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے۔ نیب کی جانب سے بڑے پیمانے پر اداروں اور کرپٹ افراد کیخلاف انکوائریاں شروع کرنے کا اقدام خوش آئند ہے۔ کرپشن اور کرپٹ افراد ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی کشمیر کے بارے میں حالیہ رپورٹ نے حقیقت حال واضح کردی ہے کہ اب کوئی کشمیری بھارت کا حصہ نہیں بننا چاہتا، کلچر آف ڈیتھ پورے بھارت میں پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک ٹائمز کی چشم کشا رپورٹ عالمی دنیا کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ اقوام متحدہ اپنی ذمے داری ادا کرتا تو آج مسئلہ کشمیر حل ہوچکا ہوتا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ پاکستان بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ جموں وکشمیر ہے، اس کے حل تک جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔