مکہ مکرمہ‘ عازمین کی خدمت کیلیے 14ہزار اہلکار تعینات ہوں گے

872

اسلام آباد (رپورٹ: میاں منیر احمد) سعودی حکومت نے حج کے لیے والدین کے ساتھ آئے ہوئے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے120 سے زاید سعودی خواتین کی خدمات حاصل کرلی ہیں‘ والدین جو اپنے بچوں کی نگہدشت کرانا چاہتے ہیں ‘ وہ آن لائن رجسٹریشن کراسکتے ہیں‘مکہ مکرمہ میں عازمین کے بچوں کی نگہداشت کے لیے12 آیائیں مقرر کی گئی ہیں اور اس مقصد کے لیے22 نرسریاں
بھی کھول دی گئی ہیں۔ سعودی سفارتی ذرائع کے مطابق خادم الحرمین الشریفین کے مشیر، مکہ معظمہ کے گورنر اور مکہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین شہزادہ خالد الفیصل نے حج 1439ھ کے آپریشنل پلان کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق دنیا بھر سے آئے عازمین حج کی خدمت پر 14 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور 400 گاڑیاں مختص کی جائیں گی اور سعودی حکام نے حج آپریشن پلان کی نگرانی مشاعر مقدسہ اتھارٹی کو سونپی ہے‘ اس میں مشاعر مقدسہ ٹرین، الجمرات تنصیبات، سیورج، طہارت خانوں کا قیام اور پانی کی فراہمی، حجاج بیت اللہ کو پانی پلانے کا منصوبہ اور دیگر حج سروسز شامل ہیں۔ حج آپریشنل پلان کی نگران اتھارٹی کے ترجمان انجینئر جلال بن عبدالجلیل کعکی ہوں گے‘ حجاج کرام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی تمام امور کے نگران گورنر مکہ ہوں گے ‘ گورنر مکہ اور ان کے نائب حج سے متعلق سروسز کی براہ راست نگرانی کریں گے‘ وزیر اطلاعات ڈاکٹر العواد نے حج 1439ھ ابلاغی پروگرام کا افتتاح کر دیا ہے‘ حج ویب سائٹ بھی جاری کر دی جس سے عازمین حج کو حج موسم کے متعلق تمام معلومات، خبریں، رپورٹیں اور پروگراموں کی تفصیلات مہیا کی جائیں گی۔ سعودی عرب میں داخلی عازمین کو حج کرانے والے اداروں و کمپنیوں کی رابطہ کونسل کے رکن محمد القرشی نے کہا ہے کہ 120سے زیادہ سعودی خواتین حاجیوں کے بچوں کی نگہداشت کریں گی‘ مکہ مکرمہ میں عازمین کے بچوں کی نگہداشت کے لیے 12 آیائیں مقرر کی گئی ہیں اور اس مقصد کے لیے22 نرسریاں بھی کھول دی گئی ہیں‘ خواہشمند عازمین حج نے اپنے بچوں کے لیے آن لائن بکنگ کرانا بھی شروع کر دی ہے اور اب تک 500 بچوں کی بکنگ ہو چکی ہے جن کی عمریں 3 سے 6 برس کے درمیان ہیں‘ نگہداشت کے لیے فی بچہ 2500 ریال فیس وصول کی جائے گی۔