اسپتالوں کا فضلہ ضائع کرنے کیلیے جدید پلانٹس لگارہے ہیں، سعید منگریو

125

کراچی (رپورٹ: محمد انور) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) کے ایم ڈی سعید احمد منگریو نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر کے اسپتالوں کے فضلے کو ضائع کرنے کے لیے عدالت عظمیٰ اور واٹر کمیشن کی ہدایت پر اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید 16 گاربیج انسینریٹر پلانٹس بیرون ملک سے درآمد کیے جاچکے ہیں جن کی جلد ہی مختلف سرکاری اسپتالوں میں
تنصیب مکمل کردی جائے گی۔ جبکہ شہر میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لیے چائنیز کنٹریکٹر فرمز کی سخت مانیٹرنگ کے ساتھ معاہدہ کیا، خلاف ورزی پر قوانین کے تحت کارروائی بھی کی جارہی ہے۔ ہفتے کو نمائندہ جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم بی نے بتایا ہے کہ سول اسپتال کراچی میں میڈیکو ویسٹ کو ضائع کرنے کے لیے انسینریٹر پلانٹ نصب ہے لیکن اب نیا پلانٹ لگایا جارہا ہے جبکہ جناح ، کارڈیوویسکوکر، بچوں کے اسپتال سمیت تمام اسپتالوں میں یہ پلانٹ نصب کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ کراچی میں صفائی ستھرائی اور کچرا اٹھاکر ٹھکانے لگانے کے امور 4 اضلاع شرقی، جنوبی ، ملیر اور غربی میں بورڈ کی نگرانی میں انجام دیے جارہے ہیں جہاں شکایات پر متعلقہ چائنا فرم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 10 ملین روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔ یہ جرمانہ گھروں سے کچرا جمع نہ کرنے کی شکایات پر بھی کیا گیا۔ محمد سعید نے بتایا ہے کہ تمام کنٹریکٹر فرمز کی معاہدہ کے تحت کچرا پھینکنے سے روکنے کے لیے لوگوں کو آگاہی دینے کی بھی ذمے داری ہے اس مقصد کے لیے انہیں میڈیا اور دیگر ذرائع سے مہم چلانی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ضلع ملیر اور غربی کی ٹھیکیدار کمپنیاں گھروں سے بھی کچرا لیکر ٹھکانے لگانے کا کام کررہی ہیں۔ جبکہ ضلع شرقی اور جنوبی کو اس حوالے سے وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ اس مقصد کے تحت واٹر کمیشن کی ہدایت پر کنٹریکٹر فرم کی ادائیگیاں روک دیں گئیں ہیں۔