اسماعیل روڈ کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے، عظیم رندھاوا

79

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیرانجینئر عظیم رندھاوا نے پنچ پلی سے سیم نالہ تک شہر کی انتہائی مصروف اسماعیل روڈ کی انتہائی مخدوش صور ت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک کی نامکمل تعمیر سے روزانہ درجنوں حادثات ہورہے ہیں ،ٹھیکیدار سڑک کو اکھاڑ کر غائب ہوئے کئی مہینے گزر ہوچکے ہیں ،کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے کہا کہ موٹر وے کو شہر سے ملانے کا متبادل اور آسان راستہ ہونے کہ وجہ سے روڈ پر ٹریفک کا بہت زیادہ بہاؤ ہے، تبلیغی جماعت کا مرکز اسماعیل مسجد بھی اس روڈ پر واقع ہے جہاں جمعرات کو ضلع بھر سے لوگ بیانات سننے کے لیے آتے ہیں جبکہ شہر سب سے بڑے صنعتی علاقہ اسمال انڈسریل اسٹیٹ بھی اسی روڈ پر واقع ہے، قریبی دیہات کو ملانے کا واحد راستہ ہونے کی وجہ سے ہر وقت مصروف رہنے والی سڑک کی اس حالت نے شہریوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے نومنتخب ایم این اے اور ایم پی کو روزانہ ادھر سے گزرنا پڑتا ہے، علاقہ مکینوں نے بار ہا ان کی توجہ اس اہم مسئلے کی طرف مبذول کروائی ہے مگر ارکان اسمبلی سمیت ضلعی انتظامیہ نے بھی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر فوری طور پر سڑک کی تعمیر شروع نہ کروائی گئی توعلاقہ مکینوں کے ہمراہ سڑک بلاک کرکے بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔