پی بی 41:مجلس عمل کے امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا گیا

268

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 41 واشک پر امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے دیا۔ اگلی سماعت پر ریٹرننگ آفیسر اور متعلقہ پریزائیڈنگ افسران کو طلب کرلیا۔ الیکشن کمیشن نے یہ حکم پی بی 41واشک پر ہارنے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سابق صوبائی وزیر میر مجیب الرحمن محمد حسنی کی درخواست پر اسلام آباد میں ہونے والی سماعت کے بعد دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے چاروں صوبوں کے ارکان پر مشتمل بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔اس حلقے پر متحدہ مجلس عمل کے زابد علی ریکی 12807ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ انہوں
نے صرف 219 ووٹوں کے فرق سے مجیب الرحمن محمد حسنی کو شکست دی۔ الیکشن کمیشن کے ارکان نے دلائل سننے کے بعد پی بی 41 پر امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن تاحکم ثانی جاری نہ کرنے کی ہدایت کی اور ریٹرننگ آفیسر اور متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کے پریزائیڈنگ افسران کو ریکارڈ سمیت 9 اگست کو اگلی سماعت پر اسلام آباد طلب کرلیا۔