بلدیہ عظمیٰ، ناقص کارکردگی پر 5 محکموں کے سربراہوں کو اظہار وجوہ کا نوٹس

150

کراچی (رپورٹ: محمد انور) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر (ایم سی) نے ادارے کے 5 محکموں کے ڈائریکٹرز کو ریونیو ریکوری کی ناقص کارکردگی اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے جبکہ ان کو تنبیہ بھی کی گئی ہے کہ فرائض سے غفلت و لاپروائی برتنے والے افسران کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جاسکتی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے  مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے طلب کیے گئے اجلاس میں 2 محکموں کے ڈائریکٹرز کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے جبکہ 3 دیگر افسران کی ناقص کارکردگی پر ان سے بھی جواب طلب کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ایم سی میں وقت کی پابندی یقینی بنانے کے لیے تھمب امپریشن ٹائم مشین نصب کردی گئی ہے۔ یہ مشین کے ایم سی کی تاریخ میں پہلی بار لگائی گئی ہے تاکہ افسران کو نظام الاوقات کا پابند بنایا جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دفاتر میں حاضری یقینی اور وقت پر بنانے کے لیے ایم سی خود صبح ساڑے 8 بجے دفتر پہنچ جایا کرتے ہیں۔ جس کے بعد تاخیر سے دفتر آنے اور غیر حاضر افسران و عملے کے خلاف سخت کارروائی بھی کی جانے لگی ہے۔ اس حوالے سے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے جسارت کے استفسار پر بتایا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ کے ایم سی کے پورے نظام کو قواعد و ضوابط کے مطابق ڈھال دیا جائے جبکہ مالی حالات کو بہتر بنانے کے لیے کے ایم سی کے اپنے ذرائع سے آمدنی میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ اس مقصد کے لیے تمام محکموں کا ماہانہ بنیاد پر اجلاس طلب کرکے کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔