قربانی کے خلاف محکمہ صحت کی مہم

237

حکومت سندھ کا محکمہ صحت حسب سابق حضرت ابراہیم ؑ کی اتباع میں قربانی کی سنت کے خلاف مہم میں سرگرم ہوگیا اور کانگو وائرس کا شوشا پھر چھوڑدیا ہے۔ اس سے قبل ہر سال کانگو وائرس، رمضان میں نیگلیریا کا شوشا چھوڑا جاتا ہے۔ تازہ واردات میں محکمہ صحت نے کانگو وائرس کے خلاف انتباہ جاری کیا ہے۔ لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ قربانی کے جانوروں کو ہاتھ لگانے سے قبل دستانے استعمال کریں جسم کو مکمل ڈھانپ کر رکھیں۔ کیونکہ کانگو وائرس جان لیوا ہے۔ یہ بات صرف حیرت کا باعث نہیں اب تشویش کا سبب بھی بن رہی ہے کہ ہمارے حکومتی اداروں میں عقل سے عاری لوگ بیٹھے ہیں۔ جو کیفیت وہ بیان کررہے ہیں اس کے مطابق تو قربانی کے جانوروں کی پرورش کرنے، ان کی دیکھ بھال کرنے اور سندھ و پنجاب کے مختلف شہروں سے کراچی کی منڈی تک پہنچانے والے سارے ہی لوگوں کو مرجانا چاہیے تھا کیونکہ یہ لوگ تو سوتے بھی ان جانوروں کے درمیان ہیں اور کھانا بھی ان ہی کے درمیان کھاتے ہیں۔ اسی دوران جانور بھی فروخت کرتے ہیں۔ ہمارے اخبارات بھی آنکھ بند کرکے ایسی بے سروپا خبروں کو آگے بڑھادیتے ہیں۔ ٹی وی چینلز کو تو بریکنگ نیوز چاہیے جوں ہی بکرا منڈی میں کوئی بیمار ہوا یا موت کا شکار ہوا اسے کانگو وائرس سے جوڑ دیں گے۔ قربانی کے حوالے سے اس مہم کو بند ہونا چاہیے۔ علما ئے کرام رہنمائی کریں۔