بلوچستان میں فورسز کی گاڑی کو حادثہ، 4 اہلکار شہید، سرچ آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک

124

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع واشک کے قریب ایف سی کی گاڑی الٹنے کے باعث 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے ہیں۔ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 2دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک، اسلحہ برآمد۔ تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان کا 2 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ بسیمہ جارہا تھاکہ ضلع واشک اور خاران کے سرحدی علاقے دالی کے مقام پر ایک گاڑی ٹائر پھٹنے ہونے کے باعث الٹ گئی۔ حادثے میں 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔ شہید اہلکاروں میں صوبیدار اکبر ،نائیک سجاد ،لانس نائیک طارق اور لانس نائیک عارف شامل ہیں۔ زخمیوں کی شناخت لانس نائیک عقیل، لانس نائیک ستار، لانس نائیک عصمت، نائیک نعیم ، سپاہی اکبر سعید اور سپاہی خدا بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ خضدار منتقل کردیا گیا۔علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سیکورٹی حکام کے مطابق آپریشن کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت سے تقریباًایک 120 کلو میٹر دور تحصیل تمپ کے مشرقی پہاڑی علاقے شاباپ کور میں کیا گیا جہاں کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ سیکورٹی فورسز کے پیدل دستوں نے پہاڑی پر دہشت گردوں کو گھیرے میں لیا جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔ دو طرفہ فائرنگ نصف گھنٹے سے زائد تک جاری رہی جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت تمپ کے علاقے پھل آباد کے رہائشی ولید ولدنصیر اور تمپ کے علاقے کوہاڑ کے رہائشی نقیب ولد رسول بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کا تعلق کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی سے تھا اور وہ تمپ اور اطراف کے علاقوں میں سیکورٹی فورسز پر حملوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف بمعہ 7 میگزین اور 30 گولیاں، 2 دستی بم ،2 موٹرسائیکلیں اور مواصلاتی رابطے کے لیے استعمال ہونیوالا ایک موبائل فون ملا ہے۔ دونوں افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد تمپ لیویز فورس کے حوالے کردی گئی ہیں۔