بلوچستان کے ضلع نوشکی میں 50 لاکھ روپے کی بینک ڈکیتی

155

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے نجی بینک سے 50 لاکھ روپے سے زائد کی نقدی لوٹ لی۔ ڈاکو بینک کی حفاظت پر تعینات محافظوں سے اسلحہ بھی چھین کر فرار ہوگئے۔ ملزمان کے تشدد اور شیشے لگنے سے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ نوشکی میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ڈکیتی ہے۔بدھ کی دوپہر کو نوشکی کے مصروف علاقے جناح روڈ پر واقع حبیب بینک میں ڈاکو ؤں نے بینک دروازے اور کیشئر کاؤنٹر پر فائرنگ کرکے شیشے توڑ دیے۔ محافظوں اور عملے کو یرغمال بنالیا۔عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں کی تعداد 4 تھی جو پستول اور کلاشنکوف سے لیس تھے اور وہ پیدل بینک میں آئے۔ ڈاکو ؤ ں نے بینک کے سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی توڑکر پیدل فرار ہونے سے قبل بینک کے باہر بھی فائرنگ کی جس سے بازار میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ڈپٹی کمشنر نوشکی عبدالرزاق بلوچ ، ایس پی نوشکی اور ایف سی کے کرنل نے بھی متاثرہ بینک کا دورہ کیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔