بچوں کے پیٹ میں کیڑے

726

ڈاکٹر سید احسن حسین

بچوں کے پیٹ میں کیڑے پیدا ہونا‘ دستوں کی بیماری ہونا‘ ٹائیفائیڈ ہونا‘ پولیو کے جراثیم چلے جانا یا یرقان کے جراثیم چلے جانا‘ ان سب کا ذریعہ اور راستہ ایک ہی ہے۔ غذا‘ پانی‘ ہاتھ اور ناخن۔ عام طور پر ان بیماریوں کو (Water Born) یا (Food Born) بیماریاں کہتے ہیں۔ اگر ان چار چیزوں کا خیال رکھا جائے یعنی غذاء پانی‘ ناخن اور ہاتھ تو بچوں میں پیٹ کے کیڑوں کی بیماریاں نہیں ہوں گی۔
٭…٭…٭
اسکول جانے والے بچوں میں عموماً پیٹ کے کیڑے ہو جاتے ہیں‘ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہوتی ہے کہ بچے ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے ہیں‘ ایک دوسرے کی چیزیں کھاتے ہیں۔ ناخن ہاتھ اور کھانے پینے کی چیزوں میں موجود جراثیم پیٹ میں منتقل ہو کر کیڑوں کا باعث بھی بن سکتے ہیں‘ بچوں میں خون کی کمی‘ بھوک کا متاثر ہونا‘ پیٹ میں درد‘ الرجی اور سانس کی تکلیف کا ہونا‘ چڑچڑاپن‘ پیخانے کی جگہ یا راستہ میں خارش ہونا‘ پیٹ میں کیڑوں کی علامت ہو سکتا ہے۔
٭…٭…٭
موٹے بچے یعنی (ایک سے تین ماہ) کی عمر میں اگر پیخانے کی جگہ سرخ ہو جائے تو مائیں کہتی ہیں چنچنے ہو گئے ہیں‘ وہ اس پر سرسوں کا تیل وغیرہ لگا کر علاج کرتی ہیں اور بعض اوقات پیٹ کے کیڑوں کی دوائیں بھی پلاتی ہیں اور یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔ کبھی اس کے لیے گھریلو ٹوٹکے کیے جاتے ہیں اور کبھی بچے کے رات میں جاگنے اور بے چین ہونے کو بھی پیٹ کے چنچنے کا نتیجہ سمجھا جاتا ہے۔ اس طرح کی کیفیت میں عموماً وجہ بالکل مختلف ہوتی ہے جبکہ ماں کا خیال مختلف ہوتا ہے اور وہ اسے چنچنے یعنی پیٹ کے کیڑے سمجھتی رہتی ہیں۔
٭…٭…٭ایک سے تین ماہ کی عمر میں چھوٹے کیڑے جنہیں چنچنے کہتے ہیں‘ وہ اتنے عام نہیں ہیں‘ البتہ تین ماہ کی عمر میں پیخانے کی جگہ سرخ ہو جانے کا بڑا سبب نیپکن (Nepkin) ہے۔ نیپکن باندھنے سے کچھ وقفہ تک پیشاب و پیخانہ وہیں جمع ہوتا ہے‘ جس میں سے تیزابیت نکلتی ہے‘ جس سے بچے کی نازک جلد متاثر ہوتی ہے اور سرخ ہو جاتی ہے‘ کبھی کبھی اس میں چھالے بھی بن جاتے ہیں جنہیں Nepkin Rash کہتے ہیں۔ اگر بچے کی صفائی کا خیال رکھا جائے تو یہ سب نہیں ہو گا۔ یہی وہ وجہ ہے جس کی تکلیف کو مائیں چنچنے کی تکلیف سمجھتی ہیں۔