دیر سے جاگنے والوں کے لیے انتباہ

332

ایک نئی تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ جو لوگ رات کو دیر سے سوتے اور صبح دیر سے اٹھتے ہیں ان کے قبل از وقت مرنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔چار لاکھ 33 ہزار لوگوں پر کی جانے والی تحقیق سے پتہ چلا کہ صبح جلد اٹھنے والوں کی نسبت رات کو دیر تک جاگنے والوں میں مرنے کا امکان دس فیصد زیادہ ہوتا ہے۔اس کے علاوہ یہ بھی معلوم ہوا کہ دیر سے اٹھنے والے کئی قسم کے دماغی اور جسمانی امراض میں زیادہ آسانی سے مبتلا ہو جاتے ہیں۔سائنس دانوں نے تحقیق میں حصہ لینے والوں سے، جن کی عمریں 38 اور 73 سال کے درمیان تھیں، پوچھا کہ کیا وہ ’’سخت سحر خیز‘‘(جلد اٹھنے والے) ہیں،’’معتدل سحر خیز‘‘ ہیں، ’’معتدل دیر خیز‘‘ ہیں یا پھر ’’سخت دیر خیز‘‘ ہیں۔اس کے بعد سائنس دانوں نے ان شرکا کا ساڑھے چھ سال تک مشاہدہ کیا۔عمر، جنس، قومیت، تمباکو نوشی کی عادت، وزن اور معاشی حالت جیسے عناصر کو مدِنظر رکھتے ہوئے سائنس دانوں نے معلوم کیا کہ سخت سحر خیزوں میں قبل از وقت موت کے امکانات سب سے کم تھے، اور وہ جتنی دیر سے جاگتے تھے، ان کے مرنے کا خطرہ بھی اسی تناسب سے بڑھ جاتا تھا۔دوسری طرف رات کو تادیر جاگنے والوں میں نفسیاتی مسائل کا شکار ہونے کے امکانات بھی 90 فیصد زیادہ تھے، جب کہ ذیابیطس کا امکان 30 فیصد زیادہ تھا۔ علاوہ ازیںرات کے اندھیرے میں تادیر جاگتے رہنے سے متعدد قسم کے غیر صحت مندرانہ رویے جنم لیتے ہیں۔