ایس بی سی اے: گریڈ 20 کے افسر کی تنزلی ، گریڈ 15 میں نان افسر بنادیا گیا

168

کراچی (رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ نے سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے گریڈ 20 کے افسر کی تنزلی کرکے گریڈ 15 میں واپس بھیج دیا ہے، کسی گزیٹیڈ افسر کو نان گزیٹیڈ قرار دینے کی یہ مثالی کارروائی ہے اور اس کارروائی کے بعد غیر معمولی ترقی پانے والے اور ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر تعینات افسران میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اعلیٰ ترین افسر کے خلاف یہ کارروائی چیف سیکرٹری سندھ اعظم سلیمان کی ہدایت پر کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کے گریڈ 20 کے افسر شاہد جمیل الدین احمد کو 22 مئی 2015ء کو گریڈ 19 سے 20 میں ترقی دی گئی تھی ان کی
ترقی کا حکم سابق ڈائریکٹر جنرل کے حکم سے جاری کیا گیا تھا جو کہ خلاف ضابطہ تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد جمیل الدین لوئر گریڈ کے ملازم تھے تاہم گزشتہ سالوں کے دوران وہ سابق و مفرور ڈائریکٹر جنرل منظور کاکا کی آشیرباد سے غیر معمولی ترقیاں حاصل کرکے گریڈ 19 میں پہنچ چکے تھے، جس پر ایس بی سی اے کے افسر نے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا تھا اور بتایا تھا کہ شاہد جمیل کو خلاف ضابطہ ترقیاں دی گئی ہیں۔ اس درخواست پر عدالت نے چیف سیکرٹری کو شاہد جمیل الدین کی ترقیوں اور تقرر کے معاملے کو جانچ کر ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔ جس پر چیف سیکرٹری نے 19 جولائی 2018ء کو شاہد جمیل کے کیس کا جائزہ لیا اورخلف ضابطہ تقرر ثابت ہونے پر انہیں واپس گریڈ 15 کی نان گزیٹیڈ پوسٹ پر بھیجنے کا حکم دیا۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ کے حکم پر ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل نے شاہد جمیل کے بارے میں مزید ایکشن شروع کردیا ہے۔