بلدیہ عظمیٰ‘ میونسپل یوٹیلیٹی ٹیکس کی وصولی دیگر چالان سے مشروط 

126

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس کی وصولی میں ناکامی کے بعد اس ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنانے کے لیے دیگر چالان سے مشروط کردیا ہے۔ کے ایم سی ذرائع کے مطابق میٹروپولیٹن کمشنر سید سیف الرحمان نے بلدیہ کراچی کے اعلی سطح کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس کی وصولی
کے لیے اینٹی انکروچمنٹ ، لینڈ ، اسٹیٹ ، کچی آبادی ، ویٹرنیٹری ، اسپورٹس و کلچرل اور دیگر محکموں کے جرمانوں کی مد میں جاری کیے جانے والے چالان کے ساتھ میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس کی وصولی کے چالان بھی جاری کیے جائیں۔ کسی چالان کو ایم یو ٹی سی کے چالان کی وصولی کے بغیر قبول نہیں کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹروپولیٹن کمشنر نے کہا کہ کے ایم سی آمدنی میں اضافے کے لیے غیر معمولی اقدامات کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ایم یو ٹی سی کی مد میں کے ایم سی سالانہ 5 ارب روپے کی وصولی کرے جبکہ دیگر مدات میں بھی آمدنی بڑھائے‘ ایم سی نے ہدایت کی کہ جس محکمے کے افسر نے حکم پر عمل نہیں کیا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس ضمن میں کے ایم سی کے افسران کا مؤقف ہے کہ ہر چالان کے ساتھ ایم یو ٹی سی کا چالان جاری کرنے سے خدشہ ہے کہ دیگر چالان کی وصولیابی بھی ناممکن ہوجائے گی۔جس سے کے ایم سی کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔