حقیقی آزادی کیلیے فرسودہ نظام کو ختم کرنا ہوگا ، میاں مقصود

145

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ آزادی سب سے بڑی نعمت ہے۔ ہم نے انگریزوں سے تو آزادی حاصل کرلی مگر ان کے غلاموں سے نجات حاصل نہیں کرسکے۔ مٹھی بھر اشرافیہ نے پوری قوم کو یرغمال اور ملک کے وسائل پر پوری طرح قبضہ کررکھاہے۔محض چہرے بدلنے سے نظام میں نہ تبدیلی آئی ہے اور نہ کبھی آسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ ہماراالمیہ ہے کہ 71 برس بعد بھی ملک وقوم کی کوئی سمت واضح نہیں۔ منزل کا نشان ابھی بھی دھندلا ہے۔ سیاسی قیادت کے پاس وژن کا فقدان ہے۔ ماضی کے تمام حکمرانوں نے اپنی تجوریوں کو بھرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔ عوام کی فلاح وبہبود کے نعرے تو لگائے جاتے رہے مگرعملاً کچھ نہیں کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ آج بھی ملک میں 40 فیصد سے زائد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی غربت کی وجہ سے ڈھائی کروڑ بچے اسکول جانے کی عمر میں کارخانوں، فیکٹریوں، ہوٹلوں اور بھٹوں میں محنت مزدوری کررہے ہیں۔ معاشی زبوں حالی کی وجہ سے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔ پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں اعلیٰ تعلیم کی ڈگریاں لے کر دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ نہ روزگار ہے اور نہ ہی حکمرانوں کے پاس کوئی منصوبہ بندی۔ امید ہے کہ نئی بننے والی حکومت عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کرے گی اور ملک کے بڑھتے ہوئے مسائل کو حل کرے گی۔