حکومت اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کو قابو کرے، میاں مقصود

117

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی میں ہوشربااضافہ ہوگیا ہے۔ کھانے پینے کی چیزوں کے نرخوں میں 20 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں کاغذی کارروائیوں تک محدود ہوکر رہ گئی ہیں۔ مہنگائی قابو کرنے کے تمام دعوے ہوا ہوچکے ہیں۔ غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر بدحال ہوچکے ہیں۔ سبزیوں، پھلوں، چینی، گھی، چاول اور مصالحہ جات سمیت مختلف اشیا کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ نرخ قابو کرنے کے حوالے سے منظم نظام موجود ہے لیکن حکومت اشیا خورونوش کی قیمتوں کو قابو کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کی آمدکے ساتھ ہی ہر چیزمہنگی ہوگئی ہے۔ ذخیرہ اندوز اور منافع خور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور چیک اینڈ بیلنس رکھنے والے دیگر تمام اداروں کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ مسلسل بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ ملک میں وسائل کی کمی نہیں مگر عوام کی فلاح وبہبود کے لیے امانت ودیانت رکھنے والے نمائندوں کا فقدان ہے۔ 70 برسوں سے عوامی مسائل میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں آئی بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ جب تک 22 کروڑ عوام کی زندگی میں آسودگی نہیں آتی تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور قومی ضروریات کا بیشتر حصہ زراعت سے ہی حاصل ہوتا ہے۔ اس کے باوجود اشیا خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ تشویش ناک امر ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت سے عوام توقعات لگائے بیٹھے ہیں۔ عمران خان نے قوم کو ریلیف دینے کے دعوے اور وعدے کیے تھے اب انہیں ان وعدوں کو پورا کرنا چاہیے۔