نومنتخب حکومت قرضوں کا طوق گلے سے اتار پھینکے، سردار ظفر خان

57

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عمران خان کو لوٹی ہوئی دولت کی واپسی، پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے، سود کے خاتمے، اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد، مہنگائی کے خاتمے، ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے، معیشت کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے چنگل سے آزاد کرانے اور پچاس لاکھ بے گھروں کو چھت مہیا کرنے کے وعدوں سے منحرف نہیں ہونے دیں گے۔ کرپٹ ٹولہ اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے لیکن پاناما کے 434 چوروں کا حساب ابھی باقی ہے، جو ان کے لیے سب سے بڑا امتحان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب حکومت کا فرض ہوگا کہ وہ عوام کی امنگوں پر پورا اترنے کے لیے قرضوں کا طوق گلے سے اتار پھینکے۔ شدید تحفظات کے باوجود چاہتے ہیں کہ نئی حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔ جماعت اسلامی بھرپور اور مثبت انداز کے ساتھ اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔ حکومت کی ہر اچھے کام پر تعریف اور غلط کام کی گرفت کریں گے۔ قوم کو امانت اور دیانتدار قیادت کی طرف ہی لوٹنا ہوگا کیونکہ ملک و قوم کے مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کے قیام میں ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی اسلامی نظریاتی کردار کی حفاظت اور اقامت دین کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ جماعت اسلامی نے پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذکی جدوجہد اور اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ایک طویل تاریخ رقم کی ہے۔ ہم اپنے اس فریضہ کی ادائیگی کے لیے پورے عزم اور حوصلہ کے ساتھ میدان عمل میں ہیں اور ہماری کوششوں میں کبھی کمی نہیں آئے گی۔