اٹھار ویں ایشین گیمز کا شاندار آغاز‘ہاکی ایونٹ کل سے شروع ہوگا

228
جکارتہ: 18ویں ایشین گیمز کے انعقاد کے موقع پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیاجارہاہے ‘ پاکستانی دستہ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے اسٹیڈیم کی جانب جاتے ہوئے 
جکارتہ: 18ویں ایشین گیمز کے انعقاد کے موقع پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیاجارہاہے ‘ پاکستانی دستہ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے اسٹیڈیم کی جانب جاتے ہوئے 

جکارتہ (جسارت نیوز) اٹھارہویں ایشین گیمز انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شروع ہوگئیں ۔ افتتاحی تقریب شام 7بجے گیلورا بنگ کارنو اسٹیڈیم اوتاما پر منعقد ہوئی۔ایشین گیمز میں45 ممالک کے کھلاڑی سائیکلنگ، بیس بال، ایکیوسٹرین، سیلنگ، کبڈی، باکسنگ، جمناسٹک، ووشو، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ، گالف، ہینڈ بال، والی بال، فٹبال، شوٹنگ، روئنگ اور ہاکی سمیت 40 کھیلوں کے 465کھیلوں کے دوران اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔ ایشین گیمز میں پاکستان کا 359 رکنی قومی دستہ 35ایونٹس میں حصہ لے گا۔ سید عاقل شاہ دستے کے چیف ڈی مشن، ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ عارف ابراہیم، سیکریٹری ٹیبل ٹینس فیڈریشن احمر ملک دستے کے ڈپٹی چیف ڈی مشن ہیں۔ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر نے افتتاحی تقریب میں قومی دستے کی قیادت کرتے ہوئے پرچم اٹھایا۔انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شروع ہونے والے ایشین گیمر2 ستمبر تک جاری رہیں گے۔دوسری طرف ایشین گیمز مینز فیلڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز کل سے ہو گا، پاکستانی ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ انڈونیشیا میں جاری میگا گیمز ہاکی ٹورنامنٹ کل سے شروع ہو گا جس میں ایشیا کی 12 ٹیمیں طلائی تمغے کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، ٹیموں کو 2 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں بھارت، جنوبی کوریا، جاپان، سری لنکا، ہانگ کانگ اور انڈونیشیا جبکہ گروپ بی میں پاکستان، ملائیشیا، بنگلا دیش، اومان، تھائی لینڈ اور قازقستان شامل ہیں، پاکستانی ٹیم کل ابتدائی میچ میں تھائی لینڈ کے مدمقابل ہو گی، گرین شرٹس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 22 اگست کو اومان، تیسرا میچ 24 اگست کوقازقستان ، چوتھا میچ 26 اگست کو ملائیشیا جبکہ پانچواں اور آخری میچ 28 اگست کو بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گی، دونوں گروپ سے ٹاپ 2، 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، سیمی فائنلز 30 اگست کو کھیلے جائیں گے، 2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل یکم ستمبر کو شیڈول ہے اور اسی روز کانسی کے تمغے کیلئے بھی میچ کھیلا جائے گا۔ایشین گیمز کبڈی ٹورنامنٹ کاآغازآج سے شروع ہو گا۔ 23 اگست تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت بنگلا دیش، بھارت، انڈونیشیا، ایران، جاپان، ملائیشیا، نیپال، جنوبی کوریا، سری لنکا، تھائی لینڈ اور چائنیزتائپے کی ٹیمیں طلائی تمغے کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گی۔ ایشین گیمز مینز فٹ بال ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنے تیسرے اور آخری گروپ میچ میں آج نیپال کے مدمقابل ہو گی۔ گرین شرٹس کو ابتدائی دونوں میچز میں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، پہلے میچ میں پاکستان کو ویتنام اور دوسرے میچ میں جاپان کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ گرین شرٹس تیسرے میچ میں آج نیپال کے خلاف اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے گی۔