وزیر اعظم نے اپنے عوامی ایجنڈے پر عمل کیا تو اسے قومی سطح پر پذیرائی ملے گی

65

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرراناعدنان خاں نے کہاہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے، سادگی اختیارکرنے اور ملک کو مدینہ منورہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کے حوالے سے عمران خان کے قوم سے خطاب کاخیر مقدم کرتے ہیں۔اگر نومنتخب وزیر اعظم نے اپنے اس عوامی ایجنڈے پر عمل درآمد کیا تو اسے قومی سطح پر پذیرائی ملے گی۔ہم ہرحکومتی اچھے اقدام کو سراہیں گے اورخرابی پر حکمرانوں کو توجہ دلاتے رہیں گے،یہی ایک اچھی اپوزیشن کا تعمیری کردار ہوتا ہے۔ دعووں اور وعدوں کو پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کو اپنے پہلے قوم سے خطاب میں دہشت گردی، مقبوضہ کشمیر سمیت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا تذکرہ بھی کرنا چاہیے تھا۔ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اور اہم جزو ہے اس کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ کشمیر پر حکومت پاکستان کی پالیسی واضح ہو۔ بھارت کے ساتھ اس وقت تک دوستانہ تعلقات قائم نہیں ہو سکتے جب تک وہ پاکستان میں مداخلت اور جموں و کشمیر سے اپنا غاصبانہ قبضہ ختم نہیں کرتا۔ ماضی میں بھی پاکستان کی حکومتوں کی جانب سے مسئلہ کشمیر پرلچک کا مظاہرہ کیا جاتا رہا ہے مگر نتائج بے سود رہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ پاکستان کی نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔ چہروں کی تبدیلی سے عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتی اس کے لیے ضروری ہے کہ جو منشور پی ٹی آئی نے انتخابات سے قبل دیا تھا اس پر من وعن عمل درآمد کیا جائے۔ عوامی توقعات بہت بڑھ چکی ہیں، اس لیے اب محض نعروں، دعووں اور وعدوں سے کام نہیں چلے گا۔ ماضی کے حکمرانوں نے اگر عوام کی فلاح وبہود کے لیے حقیقی معنوں میں کام کیا ہوتاتو آج سیاسی منظر نامہ مختلف ہوتا۔ معیشت سے لے کر خارجی امور تک دباؤ کا شکار نظر آتے ہیں۔ مسائل اور مشکلات سے نکلنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ کرپشن سے پاک اور دیانتدار قیادت ہی ملک وقوم کو درپیش مسائل سے نکال سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان کی تحریک پہلے سے ہی چلا رہی ہے۔ کرپشن کیخلاف حکومتی اقدامات کے سلسلے میں جماعت اسلامی حکومت سے بھرپور تعاون کرے گی۔