کوئٹہ کی ترقی اور بنیادی مسائل کا حل ترجیح ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

136

کوئٹہ (آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ صحت و صفائی سمیت مختلف مسائل کا شکار ہے کوئٹہ کی ترقی اور شہری مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے جلد اس حوالے سے جامع منصوبہ بندی کرکے اس پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا، اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو سفارشات کی تیاری کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی امور سمیت صوبے اور بالخصوص کوئٹہ کی ترقی کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مختلف ادوار میں کوئٹہ کی ترقی کے لیے پیکیجز کے اعلانات ہوئے ہیں اور اس حوالے سے فنڈز کا اجرا بھی
ہوا تاہم اب تک عملی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے شہر کی حالت میں کوئی تبدیلی نہیں آسکی۔ بلوچستان کی مجموعی ترقی بالخصوص کوئٹہ کو ایک بہتر اور خوبصورت شہر بنانے کا وژن رکھتے ہیں جس کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کو اس وقت پینے کے صاف پانی، نکاسی آب، صفائی اور ٹریفک جیسے سنگین مسائل کا سامناہے جن کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔