قربانی خواہشات نفس اور انا کو قربان کرنے کا درس دیتی ہے

141

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے رہنما ریاض احمد سعدی نے سرگودھا روڈ پر جامع مسجد سعدی میں عیدالاضحی کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان زندگی کے ہر لمحہ میں ایک اللہ کا بندہ ہے اور عید قربانی کا فلسفہ یہ ہے کہ مسلمان ہمہ وقت اللہ کی رضا کے حصول کے لیے کمر بستہ رہے۔ ایک مومن کی نماز اور قربانی، جینا مرنا صرف ایک اللہ کے لیے ہوتا ہے۔ قربانی اسی جذبے کو مضبوط کرنے اور عملی طور پر اس کے لیے تیاکرنے اورخواہشات نفس اور انا کو قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ قربانی کا یہ عمل فرعونوں سے ٹکرانے کی ہمت دیتا ہے وہ فرعون آج سے ہزاروں سال پہلے کے ہوں یا دور حاضر کے۔ مسلمان کبھی بھی کسی فرعون سے مرعوب نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ برما، کشمیر اور فلسطین میں اورپوری دنیا میں جہاں بھی مسلمانوں کا قتل عام ہورہاہے وہاں ان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ اگرعالم اسلام میں کوئی غیرت مندحکمران ہوتا تو برما کے مسلمانوں کو اس طرح ذبح نہ کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی آگے بڑھ کر محمد بن قاسم کی تاریخ کو دہراسکتے ہیں اس لیے نوجوانوں کو امت مسلمہ کی قیادت کے لیے اپنے آپ کوتیار کرنا چاہیے۔