عالمی برادری کشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا نوٹس لے، میاں مقصود

155

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان ظلم کے تمام ریکارڈ توڑ چکا ہے۔کیمیائی ہتھیاروں کاآزادانہ استعمال کیاجارہا ہے جوکہ عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔افسوس ناک امر تویہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر اقوام متحدہ سمیت انسانیت کے علمبردار ممالک خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ جنوبی ایشیامیں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ کشمیر پر حکومت پاکستان کی پالیسی واضح ہو۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج 3کروڑنہتے اورمظلوم کشمیریوں پر ظلم وجبرکے پہاڑڈھارہی ہے۔اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کردیا گیاہے۔ہزاروں نوجوان ہندوستان کی مختلف جیلوں اور عقوبت خانوں میں بدترین تشددکانشانہ بن رہے ہیں مگر الحمدللہ ایک بھی کشمیری نہ جھکاہے اور نہ ہی کشمیر کاسوداکرنے کو تیارہوا۔کشمیری شہید ہونے کے بعد پاکستانی پرچموں میں دفنایاجاناپسندکرتے ہیں،یہ ان کی پاکستان سے والہانہ محبت کی عکاسی کرتاہے۔پاکستان کے22کروڑعوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اوران کی ہرلحاظ سے حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے لوگوں کو اغواکرکے تشددزدہ لاشیں پھینکنے کے واقعات میں اضافہ تشویش ناک ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ کی منظورشدہ قراردادوں کی روشنی میں حل کیاجائے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کاحل ناگزیر ہے ۔نہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ اس وقت تک دوستانہ تعلقات قائم نہیں ہوسکتے جب تک وہ پاکستان میں مداخلت اورجموں و کشمیر سے اپنا غاصبانہ قبضہ ختم نہیں کرتا۔ماضی میں بھی پاکستان کی حکومتوں کی جانب سے مسئلہ کشمیر پرلچک کامظاہرہ کیاجاتارہاہے مگر نتائج بے سود رہے۔ہندوستان نے ہمیشہ پاکستان کی نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ بلاشبہ پاکستان اور اس کے عوام نازک صورتحال سے دوچار ہیں۔معیشت سے لے کر خارجی امور تک دباؤکاشکار نظر آتے ہیں۔مسائل اور مشکلات سے نکلنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔کرپشن سے پاک اوردیانتدار قیادت ہی ملک وقوم کو درپیش مسائل سے نکال سکتی ہے۔