ملکی حالات سازگار بنانا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے، میاں مقصود

162

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ غربت، مہنگائی، بے روزگاری، بددیانتی، کرپشن اور لوڈشیڈنگ جیسے سنگین مسائل نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔ عام آدمی کے حالات بہتر ہونے کے بجائے بدتر ہوتے جارہے ہیں۔ قرضوں کی دلدل نے ملکی معیشت کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب عوام کو فاقہ کشی اور خودکشی پر مجبور کردیا ہے۔ 70 برسوں سے جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے پوری قوم کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ دولت چند ہاتھوں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ ملکی بیورو کریسی درست ہوجائے تو پاکستان دنیا کے نقشے پر مثالی ملک بن سکتا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس سرزمین کو وسائل سے مالا مال بنایا ہے۔ جب تک سودی نظام معیشت کی بجائے اسلامی طرز معیشت کو اختیار نہیں کرلیتے ہمیں درپیش مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے حالات سازگار بنانا حکمرانوں کی بنیادی ذمے داری ہے۔ ملکی بقا اور سلامتی کی خاطر سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ تحریک انصاف کی نئی حکومت کو عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے چاہییں۔ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ایک مرتبہ پھر سے سر اٹھانے لگا ہے۔ غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کا چین وسکون برباد کرکے رکھ دیا ہے۔ شدید گرمی اور طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام ذہنی مریض بنتے جارہے ہیں۔ تحریک انصاف کے وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں وزرا نے حلف اٹھالیا ہے، اب انہیں مرکز، پنجاب اور کے پی کے میں عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔ پاکستانی عوام نئی حکومت سے توقعات لگائے ہوئے ہیں کہ وہ ملک میں ترقی وخوشحالی کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔