پیشگی منظور شدہ نقشے متعارف کرائیں گے،افتخار قائم خانی

96

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) نے متوسط افراد کی سہولیات کے لیے چھوٹے پلاٹوں کے’’پری اپروڈ‘‘نقشے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات پیر کو ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی افتخار قائم خانی نے نمائندہ جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ نقشوں کی پیشگی منظوری کو متعارف کرانے کا مقصد چھوٹے پلاٹوں کے مالکان کو پلاٹوں پر قوانین کے تحت تعمیرات کرانے کے لیے نقشوں کی طویل مدتی اور تکلیف دہ منظوری کی کارروائی سے بچانا ہے اور سہولیات دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پری اپروڈ نقشوں کا اجراء جلد شروع کردیا جائے گا۔ 60 تا 120 مربع گز کے رہائشی و تجارتی پلاٹوں پر تعمیرات کرانے کے خواہش مند افراد یہ نقشے ایس بی سی اے کے دفتر سے اونر شپ کی دستاویزات دکھاکر اور اسکروٹنی فیس جمع کرکے حاصل کرسکیں گے۔یہ نقشے دو تین آپشن پر مشتمل ہیں۔ جنہیں حاصل کرکے فوری تعمیرات شروع کرائی جاسکتی ہیں۔ افتخار قائم خانی نے بتایا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جلد ہی دوبارہ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔جس کے تحت رفاہی پلاٹوں سمیت جہاں بھی خلاف قانون تعمیرات ہونگی انہیں منہدم کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا ہے کہ لانڈھی نمبر 2 اور 3 میں کھیل کے میدان غیرقانونی دکانوں اور عالمگیر جامع مسجد کے سامنے 3 پارک میں غیر قانونی اسکول کی تعمیر کا نوٹس لیا جاچکا ہے جلد ہی سخت کارروائی کرتے ہوئے یہ تعمیرات منہدم کردی جائیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی جی سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی نے بتایا کہ شہر میں موجود شادی لانز بینکویٹ اور ہالوں کی پالیسی پر نظر ثانی کرنے پر غور شروع کردیا گیا ہے تاکہ ان بینکویٹ و لان کے قریب ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی منتخب حکومت کی ہدایت کی روشنی میں صوبے میں بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کو مزید فعال کیا جائے گا۔
افتخار قائم خانی