پی ٹی آئی اپنے دعووں کی زد میں

330

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تبدیلی کے دعوے کے ساتھ اقتدا ر میں آئی ہے اور اسی مناسبت سے اس کے ہر دعوے پر اس کے مخالفین کی نظر ہے۔ لیکن اگر مخالفین نظر نہ بھی رکھیں تو پی ٹی آئی کے سربراہ کو اس پر نظر رکھنی ہوگی۔ خود بھی احتیاط کرنی ہوگی اور اپنی ٹیم کو بھی کنٹرول کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید کی جانب سے گریڈ 20کے افسر کے ساتھ سرکاری اجلاس میں غیر مہذب گفتگواور غیر پیشہ ورانہ رویے کے بعد خاتون اول کے سابق شوہر خاور مانیکا سے معافی نہ مانگنے پر ضلعی پولیس افسر کے تبادلے کا اسکینڈل سامنے آگیا۔ اس حوالے سے نہایت تیزی سے متضاد خبریں سامنے آئیں لیکن معاملہ بہت واضح ہے کہ کوئی نہ کوئی وی آئی پی ازم جاری ہے اور اس کو تحفظ دینے میں پی ٹی آئی کے اہم لوگ شامل ہیں۔ مزید یہ کہ پنجاب کے نامزد وزیر اطلاعات ( اس وقت تک نامزد تھے ) فیاض الحسن چوہان میڈیا پر اپنے پہلے ہی امتحان میں اپوزیشن رہنما کی طرح چیخ رہے تھے اور بار بار غصے کا اظہار کررہے تھے۔ انہیں اس وقت تک یقین نہیں تھا کہ وہ وزیر بن رہے ہیں ان کا رویہ بھی نہایت ناشائستہ تھا۔ اسی کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ہیلی کاپٹر کا استعمال بھی میڈیا اور اپوزیشن کے نشانے پر ہے۔ اس پر تبصرہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم ہیلی کاپٹر رکشے کی طرح استعمال کررہے ہیں ۔ یہ ایسی باتیں ہیں جو آگے چل کر تحریک انصاف کے گلے پڑیں گی بلکہ ابھی سے گلے پڑ رہی ہیں کیوں کہ ڈی پی او پاکپتن کا معاملہ صرف میڈیا میں لیپا پوتی سے حل نہیں ہوگا خود ڈی پی او نے یہ کہا ہے کہ مجھے اسلام آباد سے اعلیٰ ترین عہدیدار کے گھر سے ایک غیر سیاسی خاتون نے مانیکا سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور جب میں نے حکم نہ مانا تو تبادلہ کردیا گیا۔ یہ بھی خبر ہے کہ اسے وزیر اعلیٰ نے طلب کیا۔ ایک اور معاملہ یہ ہے کہ ڈی پی او کا تبادلہ کس نے کیا۔ اگر یہ کام وزیر اعلیٰ نے کیا تو ان کو براہ راست یہ کام کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ یہ معاملہ گمبھیر ہوگیا ہے۔ کیوں کہ خاور مانیکا سے یہ بیان منسوب ہے کہ ان کے ساتھ ایسا کوئی واقعہ ہی نہیں ہوا کہ پولیس نے ان کو روکا ہو۔ تو پھر ڈی پی او رضوان گوندل کو کس جرم کی سزا دی گئی؟ نوآموز وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے منگل کو اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ڈی پی او کے خلاف کئی دن سے شکایات مل رہی تھیں۔ آخر کتنے دن سے ؟ آپ کو آئے ہوئے ہی کتنے دن ہوئے ہیں ؟ عمران خان پر دھرنے کے دوران ایک ایس پی سے بدسلوکی کا مقدمہ بھی درج ہوا تھا۔ تو پھر معاملہ کیا ہے ؟ خاور مانیکا کے لیے اتنی بے چینی کیوں ؟ ہم بار بار یہ توجہ دلا رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے دعوے بڑے حساس تھے اب ان کو پورا کرنا بڑا مشکل مرحلہ ہوگا۔