صدارتی الیکشن‘ عار ف علوی کادورہ کوئٹہ‘اتحادیوں سے ملاقات 

173

کوئٹہ(نمائندہ جسارت‘اے پی پی) صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کاکوئٹہ کا دورہ۔ اتحادی جماعتوں سے ملاقات۔ ملاقات میں بی اے پی سمیت، جمہوری وطن پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے تحریک انصاف کی حمایت کردی ہے۔بلوچستان عوامی پارٹی نے صدارتی انتخاب میں تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کی حمایت کرنے کا اعلان کردیا ہے ،4ستمبر کے
صدارتی الیکشن میں قومی اسمبلی ،سینیٹ اور بلوچستان اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کو ووٹ دیں گے۔ان خیالات کا اظہارپی ٹی آئی کے نامزدصدارتی امیدوار عارف علوی ، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ، تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین ،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں عارف علوی نے صدارتی انتخاب میں حمایت کرنے پر بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ ووزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے موثر پالیسیاں مرتب کی جائیں گی۔صدارتی انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کے لیے تحریک انصاف کے وفد میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اورحلیم عادل شیخ بھی تھے۔ قبل ازیں ائر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کے خاتمے کے بغیر نئے پاکستان کی تشکیل ممکن نہیں،انہوں نے تحریک انصاف میں اختلافات کی تردید کی اور کہا کہ عامر لیاقت و دیگر سے متعلق فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے تحریک انصاف کے ساتھ چلیں گے، صوبے میں صرف دعوے نہیں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔