تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کی بہتری کیلیے اقدامات کیے جائیں

121

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )زرعی یونیورسٹی کے ناظم فاروق اعظم نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کی بہتری کیلیے اقدامات کیے جائیں،کل بجٹ میں سب سے کم تعلیم پر خرچ کرکے ترقی کے خواب دیکھے جا رہے ہیں جو کہ تعلیم اور طالب علم کے ساتھ کھلا مذاق ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دو کروڑ سے زائد بچے جو کہ کل بچوں کا45فیصد بنتے ہیں،ا سکول کی عمر کو پہنچ کر بھی تعلیمی اداروں میں داخل نہیں ہو رہے جو کہ ملک کے حکمرانوں کے دعوہں کی قلعی کھولنے کے لیے کافی ہے۔25 فیصد اساتذہ تعلیمی اداروں کا رخ نہیں کر رہے جوکہ قوم کے ساتھ ایک گھناؤنا مذاق ہے اور اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔اگر تعلیمی ترقی کو دیکھیں تو پاکستان ایک سو بیس میں سے ایک سو تیرہویں نمبر پر ہے جو کہ شرمناک ہے اس کی سب سے بڑی وجہ کم تعلیمی بجٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا دارومدار وہاں کے تعلیمی نظام سے منسلک ہے جس قوم میں جتنا شعور و آگاہی ہوگی وہ قوم اتنی ترقی کرے گی جس معاشرے میں تعلیم کا پرچار نہیں ہو پاتا وہ معاشرہ خرابیوں کا گڑھ بن جاتا ہے۔ وطن عزیز میں بھی تعلیمی میدان میں کوئی خاطر خواہ اصلاحات نہیں ہوئی جس کی وجہ سے بیشتر علاقے بنیادی تعلیم سے ابھی بھی محروم ہیں اور جو تعلیم انہیں دی جارہی ہے اس میں بھی دوہرا معیار ہے ۔