پاکستان میں انتخابات کا عمل سرمائے کاکھیل بن چکا ہے،شمس الرحمن سواتی

81

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوری وامیرضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ پاکستان میں انتخابات کا عمل سرمائے کاکھیل بن چکا ہے کرپٹ اوربددیانت سرمایہ داروں وجاگیرداروں کوالیکشن سے الگ کرناناگزیرہے حکومت کے دعوے نہیں عمل بولنا چاہیے، ترقی کا سفرمحرومیوں کے ازالے سے ہی ممکن ہوگا، جماعت اسلامی کسی ایک فرد یا خاندان نہیں بلکہ ہرکرپٹ اورچورکااحتساب چاہتی ہے بینکوں سے قرضہ معاف کروانے کے بعد عیاشی کی زندگیا ں گزارنے والے آخرکب کٹہرے میں لائے جائیں گے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ضلعی مجلس شوریٰ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر تنظیمی ،تربیتی اورسیاسی امورکاجائزہ لے کرآئندہ کیلئے پلاننگ کی گئی ۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ظفر الحسن جوئیہ ایڈووکیٹ،نائب امرائے ضلع راجا محمدجواد، امتیازعلی اسلم ، چودھری عطا ربانی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام مجتبیٰ عباسی،بزرگ رہنما ڈاکٹرمحمدکمال سمیت ضلع بھرسے منتخب اراکین شوریٰ نے شرکت کی ۔ شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ حکومت عام آدمی کی حالت بدلنے کیلیے مؤثراقدامات کرے تعلیم وصحت، مہنگائی ،بے روزگاری ،انصاف ، امن پسے ہوئے محروم ومظلوم طبقات کی بنیادی مسائل ہیں ہم حکومت کے ہراچھے اقدام کی حمایت کریں گے لیکن اسلام اورعوام دشمنی پرجماعت اسلامی ایک موثراپوزیشن کا کرداراداکریگی اور حکومت کا قبلہ درست رکھنے کیلیے ہرممکن کوشش کرے گی ۔