پی ٹی آئی کی حکومت خارجہ پالیسی کا ازسر نو جائزہ لے، میاں مقصود

137

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے امریکی حکام کی جانب سے پاکستان کو بھارت سے تعلقات بہتربنانے کا موقع دینے کے بیان پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے کے بجائے اپنے مسائل پر توجہ دے۔ پاکستان ایک آزاد ملک ہے اور کسی بھی قسم کی ڈکٹیشن قابل قبول نہیں۔ امریکا سمیت عالمی برادری کو پاکستان کی آزادی، خود مختاری اور سا لمیت کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہے۔ امریکا، بھارت اور اسرائیل عالمی امن کے لیے سب بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کی رٹ لگانے والا امریکا خود سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے جس نے پوری دنیا کا امن تباہ وبرباد کردیا کرکے رکھ دیا ہے۔ عراق، افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی کے نام پر لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے جبکہ اقوام متحدہ، عالمی دنیا اور امن وانسانیت کا پرچار کرنے والی این جی اوز کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، ان کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے۔ سازش کے تحت مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ اسلام اور مسلم دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا۔ امریکا، اسرائیل اور بھارت جنوبی ایشیا سمیت پوری دنیا میں دہشت گردی کو ہوا دے رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت خارجہ پالیسی کا ازسر نو جائزہ لے کر قومی مفاد کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے نئی پالیسی مرتب کرے۔