زہرہ شاہد قتل کیس،ایم کیو ایم کے 2 کارکنان کو سزائے موت کا حکم 

105

کراچی (اسٹاف رپورٹر+ مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کیس کے 2 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنادی۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 5 سال بعد زہرہ شاہد قتل کیس کا فیصلہ سنایا جس میں کیس کے 2 ملزمان راشد عرف ٹیلر اور زاہد عباس کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی گئی جب کہ عدالت نے 2 ملزمان عرفان اور کلیم کو عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا۔ رینجرز پراسیکیوٹر کے مطابق سزائے موت پانے والے ملزمان کا تعلق ایم کیوایم سے ہے، ملزمان نے دوران تفتیش زہرہ شاہد کے قتل کا اعتراف کیاتھا جب کہ کیس کے گواہان نے بھی ملزمان کی شناخت کی تھی۔ واضح رہے کہ زہرہ شاہد کو 2013ء میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع ان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا اور پولیس نے واقعے میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کیے تھے۔ حکومت کی جانب سے زہرہ شاہد کے قتل میں ملوث ملزمان نشاندہی پر 25 لاکھ روپے انعام بھی رکھا گیا تھا۔